نیو شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول بھٹکل کے سالانہ دن کے موقعہ پر نجم اخوان گولڈ میڈل حاصل کرنے والے قوم ناخدا کے سب سے پہلے قابل فخر اور مایۂِ ناز طالب علم

0
2997

یقیناً اکیسویں صدی عیسوی جنوبی ہند کی قوم ناخدا کے لئے مختلف میدانوں میں تعلیمی ترقی و بیداری کی صدی ثابت ہو رہی ہے اور کیوں نہ ہو قوم کے نونہالوں اور نوجوانوں نے اس میدان میں اپنے محدود وسائل کے باوجود اپنی ذاتی محنتوں اور کاوشوں سے وہ کارنامے انجام دئے ہیں جن سے قائدین قوم کو تعلیمی ترقی و بیداری کے لئے مختلف ناحیوں سے سوچنے اور ان کو عملی جامہ پہنانے پر مجبور کر دیا ہے .

اسی کی ایک جیتی جاگتی مثال نیو شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول بھٹکل کے ہونہار طالب علم جناب ابو الخير بن عبدالمجيد بنگالی ساکن فردوس نگر تینگن گنڈی کی بھی ہے جنھوں نے مؤرخہ 22/دسمبر 2018 ء بروز سنیچر ٹھیک دس بجے بمقام شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول بھٹکل ، شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول بھٹکل کی طرف سے سالانہ تعلیمی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک اہم جلسہ میں اپنے اسکول کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی ہند کی قوم ناخدا کے ایک مایۂِ ناز و قابل فخر طالب علم کی حیثیت سے نجم اخوان گولڈ میڈل ایوارڈ حاصل کر کے اپنے والدین ، اہل خانہ ، اساتذہ اور اپنے علاقہ سمیت پوری ناخدا برادری کا نام روشن کیا ہے ، حالانکہ ان کے ساتھ قوم ناخدا کے ایک اور ہونہار طالب علم جناب آفتاب بن حافظ حسن صاحب اسپو بھی اپنی قسمت آزمانے کے لئے نجم اخوان ایوارڈ کے چھ منتخب شدہ ٹاپ طلباء میں شامل تھے لیکن گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے .

اسی طرح اس سے قبل ابوالخیر کے سگے بڑے بھائی جناب ابوبکر صدیق جنھوں نے کمپیوٹر انجینئرنگ کے بعد گذشتہ سال نیٹ ورکنگ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی وہ بھی اس میدان میں اپنی قسمت آزماتے ہوئے اس ایوارڈ کے حصول کے چھ منتخب شدہ ٹاپ طلباء میں شامل ہو کر تیسرا مقام حاصل کرکے اپنے اصل ہدف تک پہونچ نہ سکے تھے ، لیکن آج ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر بن کر انہی کے چھوٹے بھائی کی شکل میں سامنے آیا ہے . یقیناً آج ان کا دل بھی خوشی سے باغ باغ ہوا ہوگا .

واضح رہے کہ اس سے قبل انکے سگے چچا جناب ہارون رشید صاحب جو اس وقت سعودیہ عربیہ کے ایک کالج میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں انھوں نے بھی انجمن اینگلو ہائی اسکول بھٹکل میں اسکی اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسی طرح کا وقار اسلامیہ ایوارڈ جنوبی ہند کی قوم ناخدا کے سب سے پہلے طالب علم کی حیثیت سے حاصل کر کے اپنے والدین ، اہل خانہ اور اپنے علاقہ سمیت پوری ناخدا برادری کا نام روشن کیا تھا .

اب قوم کے تمام لوگوں کا یہ اخلاقی فریضہ بنتا ہے کہ وہ یہ اور ان جیسے مستقبل کے روشن چراغوں کی دل کھول کر ہمت افزائی فرمائیں تاکہ وہ اگلے تعلیمی مراحل میں اس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں اور آپ کی ہمت افزائی انکے دلوں میں مزید جوش و خروش پیدا کرکے انھیں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کر سکے . اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے . آمین .

اس موقعہ پر امژو زون ٹیم ابوالخیر بن عبدالمجيد بنگالی اور انکے اہل خانہ سمیت جملہ خویش و اقارب کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتی ہے . اور خصوصی طور پر شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول کے ذمہ داران اور اساتذہ سمیت پورے اسٹاف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے کہ انھوں نے اپنی محنتوں و کاوشوں سے ہماری قوم کے ایک نونہال کو نجم اخوان گولڈ میڈل ایوارڈ کے حصول کے لائق بنایا اور ناخدا برادری میں اپنے اسکول کا نام روشن کیا . اور اسی طرح آفتاب بن حسن اسپو کو بھی حصول ایوارڈ کے چھ ٹاپ طلباء میں شمولیت پر تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے آئندہ کے لئے ان سے اس سے بھی بہتر کارکردگی کی توقعات رکھتی ہے

اللہ سے دعا ہے کہ وہ موصوفان کو مزید علمی ترقی نصیب فرمائے اور ان سے قوم و ملت کو خوب فائدہ پہنچائے . آمین .

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here