آہ! شاہ فیصل ڈانگی تیری یاد مفارقت مجھے مدتوں تڑپاتی رہے گی

0
1532

از : محمد مشرف ڈانگی

11/دسمبر 2020 ء بروز جمعہ صبح کے گیارہ بج رہے تھے تو میں ، فیصل اور ہمارے ساتھ چند دوست اپنی ضروریات سے فارغ ہوکر اپنے اپنے گھروں کو لوٹنے لگے تو میں بھی ان کے ساتھ اپنے گھر لوٹ گیا جوں ہی میں اپنے گھر پہنچا تو اس کے کچھ ہی دیر بعد میرے کانوں نے ایک ایسی خبر سنی جو میرے دل کو چیر کر ٹکڑے ٹکڑے کر رہی تھی . اور وہ خبر میرے جگری دوست شاہ فیصل ڈانگی کے وفات کی تھی . إنا للہ وانا الیہ راجعون .

میں سمجھتا ہوں کہ میرا دل اس طرح کبھی نہیں ٹوٹا ہوگا جس طرح اس خبر کے سننے کے بعد ٹوٹ گیا .

یہ لمحہ میرے لئے ایسا تھا جس طرح مچھلی کا پانی سے باہر نکلنے کے بعد ہوتا ہے . جس طرح وہ ان لمحات میں تڑپتی رہتی ہے بالکل اسی طرح میرا دل بھی تڑپتا رہا .

جب میں موقعہ واردات پر پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہاں پہلے ہی سے غم کا ماحول بنا ہوا ہے ، لہذا میری بھی اس وقت کچھ کرنے اور بولنے کی ہمت نہ ہو پائی پھر بھی میں دل پر ہاتھ رکھ کر بڑی ہمت سے اس ہجوم تک پہنچ گیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہاں پر پہلے سے ہی لوگوں کی بھاگم بھاگی اور ہلچل مچی ہوئی ہے . اسی دوران میں بھی موصوف تک پہنچنے کی کوشش کرنے لگا اور بالآخر ان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا .

وہ ایک ایسا لمحہ تھا جس نے مجھ پر خاموشی طاری کر دی اور میں نے وہاں کے ماحول سے بھانپ لیا کہ موصوف اللہ کو پیارے ہو گئے ہوں گے .

بس پھر کیا تھا ایسا لگا کہ اب وقت رخصت اور اللہ کی مرضی پر راضی رہنے کا وقت آگیا ہے . خیر! یہ تو اللہ کی مرضی تھی لیکن وہ میرے بچپن کے دوست تھے ، لہٰذا وہ جہاں بھی جاتے تو میں بھی اکثر اْن کے ساتھ ہوتا ۔

موصوف ایک نیک صفت ، کم گو ، بااخلاق ، نرم خو و خوش مزاج ، والدین کے فرمانبردار اور اپنے دادا کا بڑا خیال رکھنے والے تھے . جہاں تک میں جانتا ہوں کہ زندگی بھر ان سے میری کوئی ان بن نہیں ہوئی اور نہ ہی کبھی انھوں نے کوئی ایسا موقعہ آنے دیا کہ جس سے میں ان سے ایک لمحہ کے لئے بھی ناراض رہوں . ان کی یہ صفت جب بھی مجھے یاد آتی ہے تو واللہ مجھے بڑا رشک آتا ہے کہ ایسا بھی کوئی تھا .

میں اخیر میں یہی کہوں گا کہ موصوف تمام نوجوانوں کے لئے انسان دوستی ، نرم مزاجی ، والدین کی فرمانبرداری اور ان سے محبت کی ایک بہترین مثال قائم کر گئے ہیں جو ہم سبھوں کے لئے لائق تقلید ہے .

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے . ان کی قبر کو نور سے بھر دے . ان کے والدین اور اہل خانہ کو اس کا نعم البدل اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے . آمین ۔

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here