جنوبی ہند کی قوم ناخدا کا یوٹیوب کی طرف سے‘‘سلور پِلےبٹن’’ کا ایوارڈ حاصل کرنےوالا پہلا مایۂ ناز فنکار

2
2477

یہ ایک حقیقت ہے کہ قوم ناخدا کو اللہ نے اس کے ماہی گیری پیشہ کے باوجودعلمی میدان میں بہت سارے باصلاحیت افرادعطا فرمائے جو اپنے محدود مالی وسائل کےباوجود اپنی محنت وجدوجہد اور اللہ کے فضل وکرم سے مختلف علمی میدانوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے رہے ۔انہیں میں سے ایک جامعہ آباد تینگن گنڈی بھٹکل کے ایک مایۂ ناز فنکارعبدالسميع بن موسی ملا ہیں جنہوں نے اپنے ذاتی یوٹیوب چینل پر اپنے ماڈل میکنگ (model making) یعنی فنِ نمونہ سازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک تقریباً دیڑھ لاکھ کے قریب سبسکرائبرس بنا کر یوٹیوب کی طرف سےسِلور پلِے بٹن کا ایوارڈ حاصل کر لیا ہے اور پوری ناخدا برادری میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر کے اپنے والدین محلہ اورقوم کا نام روشن کیا ہے ۔

واضح رہے کہ یوٹیوب کی طرف سے سلور پلے بٹن کا ایوارڈ یوٹیوب چینل کے آنرکو اپنے چینل کے ایک لاکھ سبسکرائبرس بنانے پر دیا جاتا ہے. ابتک مذکورہ چینل کے ایک لاکھ چھیالیس ہزار سے زائد سبسکرائبرس ہوچکے ہیں اور اللہ کی ذات عالی سے قوی امید ہے کہ انشاء اللہ مستقبل قریب میں انھیں گولڈن پلے بٹن کا ایوارڈ بھی حاصل ہوگا ۔

موصوف نے اپنے تعلیمی دور میں اپنے فن سے متعلق ہندوستانی پیمانہ پر کالجوں کے مابین ہونے والے مقابلوں میں حصہ لیکر اول مقام حاصل کرتے ہوئے اب تک چار ایوارڈ حاصل کئے ہیں ۔
سب سے پہلا ایوارڈ موصوف کو سن 2014 عیسوی میں آٹو کیڈ ڈیزائنگ (autocad designing) کا انجمن کالج بھٹکل کی طرف سے ملا تھا ۔
دوسرا ایوارڈ سن 2015 عیسوی میں انٹیرئرمیکنگ (interior model making) کا کراولی کالج مینگلور کی طرف سے ملاتھا ۔
تیسرا ایوارڈ سن 2016 عیسوی میں اِسکیچھ اَپ لینڈ اسکیپنگ (sketchup landscaping design)کا کراولی انٹیرئر کالج مینگلورکی طرف سے ملا تھا –
چوتھا ایوارڈ سن 2016 عیسوی میں آٹوکیڈ لینڈ اسکیپنگ ڈیزائنگ (autocad landscaping design)کا انجمن انجینئرنگ کالج بھٹکل کی طرف سے ملا تھا –

فن ماڈل میکنگ کے مختلف شعبوں میں موصوف کے یہ ایوارڈس اس بات کی شہادت دے رہے ہیں کہ انھیں اس فن سے گہری مناسبت ،فطری لگاؤ ، اور کمال درجہ مہارت ہے ۔ جس کی مثال قوم ناخدا میں ملنی مشکل ہے اور کیوں نہ ہو ان کے فن نے دنیا کے مختلف خطوں میں اپنا ایک خاص مقام حاصل کر لیا ہے جسکا اندازہ انکے یوٹیوب کے سبسکرائبرس سے لگایا جا سکتا ہے ۔
آپکے ماڈل میکنگ فن نے تین سالہ عرصہ میں عالمی سطح پر بھی شہرت حاصل کرنا شروع کی ہے جسکا اندازہ انکے عالمی سطح پر پائے جانے والے سبسکرائبرس سے لگانا کوئی مشکل بات نہیں ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں آپکے سبسکرائبرس کا تناسب مختلف ملکوں میں کچھ اس طرح سے ہے انڈیا میں اڑتالیس %48 فیصد ۔ USA میں بارہ %12 فیصد ۔ UK میں نو %9 فیصد ۔ انڈونیشیا میں آٹھ %8 فیصد ۔ UAE میں چھ %6 فیصداور بقیہ %17 فیصد دیگر ممالک کے ہیں ۔

آپکی پیدائش ریاست کرناٹکا کے شہربھٹکل کے علاقہ جامعہ آباد تینگن گنڈی میں مؤرخہ 3/مارچ سن 1991 عیسوی میں ہوئی ۔آپ کا نام عبدالسميع والد کا نام موسیٰ اور کنبہ یعنی خاندان کا نام ملا ہے آپکے والد اصلا شیرور کے باشندہ تھے جو شادی کے بعد سن 1990 عیسوی میں جامعہ آباد تینگن گنڈی بھٹکل میں آکر مقیم ہو گئے تھے ۔

آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری اردو اسکول جامعہ آباد میں حاصل کی ۔ اسکے بعد مزید تعلیم کے لئے اپنا داخلہ انجمن اینگلو ہائی اسکول بھٹکل میں کروایا اور میٹرک کا امتحان پاس کیا ۔ بعدازاں پی یو سی کی تعلیم کے لئے سن 2008 عیسوی میں اپنا داخلہ سدھندرا کالج بھٹکل کے شعبہ کامرس میں لیا اور ایک سالہ تعلیم کے بعد آپ نے ملازمت شروع کی اور دوران ملازمت تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے پی یو سی سیکنڈ ایئر کے امتحان کو کوریسپونڈینس (Correspondence) یعنی خود سے بذریعہ مراسلت امتحان دے کر پاس کیا اور سن 2012 عیسوی میں گورنمنٹ ITI کالج ہوناور کے شعبہؐ آرچھٹیکچر میں ITI یعنی انڈسٹریل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں سولہ ماہ کا کورس مکمل کیا ۔اور کچھ کمپیوٹر کورسس مائس بھٹکل سے بھی کئے جن میں سےایک آٹوکیڈ (autocad) اور دوسرا آرچھیکیڈ (archicad) ہے ۔ انکے علاوہ یوٹیوب پر کام کرنے کے لئے استعمال میں آنے والے چار پانچ سوفٹویئرز کو خود اپنی ذاتی محنت سے سیکھ کر ان میں بھی مہارت حاصل کر لی ۔ مزید برآں آپ نے بھٹکل کے سول ٹیک (civiltech) اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی مشہور لائبریری میں بھی ملازمت کی ہے ۔

اس قیمتی دورانیہ میں محنت کےبعد آپ کے حوصلوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لئے مزید تقویت ملی اور بالآخر آپ نے سن 2013 عیسوی میں انجینئرنگ کے لئے آر این ایس (RNS) کالج مرڈیشور کے سول انجینئرنگ (civil engineering) یعنی انجینئرنگ کے شعبہ تعمیرات میں اپنا داخلہ کروایا اور سن 2016 عیسوی میں اپنا ڈپلومہ مکمل کیا ۔ واضح رہے کہ BE یعنی بیچلر انجینئرنگ چار سالہ کورس اور ڈپلومہ انجینئرنگ تین سالہ کورس ہوتا ہے ۔

موصوف نے اپنی انجینئرنگ کے دوران بتاریخ 28/دسمبر سن 2015 عیسوی میں اپنا ایک ذاتی یوٹیوب چینل بنام سمیع اسٹوڈیو https://www.youtube.com/sam-e studio جاری کیا۔کیونکہ موصوف کو model making یعنی فن نمونہ سازی ، نقشہ سازی اور خریطہ سازی سے ابتدائی تعلیم ہی سے گہرا لگاؤ تھا ۔ لہٰذا انھوں نے اپنے اس فطری فن کی تشہیر کے لئے یوٹیوب کو ایک بہترین میدان محسوس کیا ۔موصوف کو ابتدائی مرحلہ میں چینل چلانے میں انجینئرنگ کی تعلیم کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،لیکن موصوف نے ہمت سے کام لیتے ہوئے سن 2016 عیسوی سے ہر ہفتہ ایک ایک ویڈیو نشر کرنے کا عزم مصمم کرکے پابندی کے ساتھ اس کام کو انجام دینا شروع کیا ۔اس کے بعد یکے بعد دیگرے سبسکرائبرس بڑھتے گئے تو ہمت افزائی ہونے لگی اور کارواں آگے بڑھتا رہا ۔

امژو زون ویب سائٹ کے ذمہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے موصوف نے بتایا کہ اس عرصہ میں چینل کی ترقی کے لئے انکے بڑے بھائی حبیب الرحمان اور انکے اہل خانہ کا خاصہ تعاون رہا اور ساتھ ساتھ ان کے کالج کے ساتھیوں کا بھی ۔انہی حضرات کی ہمت افزائی اور اسکے ساتھ میری ذاتی محنت اور اللہ کے فضل و کرم نے دو ڈھائی سال کے عرصہ میں مجھےاس مقام پر لا کھڑا کیا ہے جو بہت مشکل سے ہی کسی کو حاصل ہوتا ہے اور وہ ہے یوٹیوب کی طرف سے مجھےسلور پلے بٹن کے اعزاز سے نوازا جانا ۔

واضح رہے کہ یہ وہ اعزاز ہے جو جنوبی ہند کی پوری ناخدا برادری میں موصوف نے اتنی قلیل مدت میں پہلی مرتبہ حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنی قوم کی آئندہ آنے والی نئی نسل کو اس بات کا پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ ہر فن کو عزم مصمم اور محنت ولگن کے ساتھ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔کیونکہ کسی بھی فن میں مہارت حاصل کرنے کے لئے مال و اسباب اور اوزار سے زیادہ خود کی محنت اور ہمت و حوصلہ کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے ۔

امژو زون ٹیم موصوف کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کرتی ہے اور ان کے فن میں مزید ترقی کے لئے دعا کرتی ہے کہ اللہ انکو اپنی قوم کا ایک مایہ ناز اور کامیاب فنکار بنائے اور انھیں اپنے فن کو قوم کی نئی نسل میں منتقل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان جیسے مزید اورافراد قوم کو مہیا فرمائے ۔ آمین ۔

2 تبصرے

  1. Dua hai ke Allah inhen aur bhi kamyabi naseeb farmaye aur ye nawjawan apne walidain, aur nakhuda biradari ka naam roshan kare. … Aameen

  2. اللہ سے دعا ہے کہ موصوف کو خوب ترقی دے۔ اور ایسے ہی اپنا اور اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ اپنی قوم کا نام روشن کرے آمین

Leave a Reply to حبیب الرحمان جواب منسوخ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here