سنہ 2019 ء کے استقبال رمضان پروگرام میں F.W.A کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ

0
1213

بسم اللہ الرحمن الرحیم . الحمدللہ رب العالمین . الرحمان الرحیم . مالک یوم الدین . والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین و خاتم النبین وعلی اٰلہ و صحبہ اجمعین ومن تبعهم باحسان الی یوم الدین . اما بعد :

صدر محترم ، علماء کرام ، مہمانان خصوصی اور معزز سامعین . السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

حضرات ! باری تعالیٰ کا شکر کس زبان سے ادا کیا جائے کہ محض اسی کے فضل و کرم اور ذرہ نوازیوں سے ہم ناچیز بندوں کو آج کی یہ جگمگاتی رات دیکھنے کو مل رہی ہے . اس پر ہم سب یقیناً خوش و خرم اور شاداں و فرحاں ہیں . لہذا میں آج کے اس پرونق اور جگمگاتے ہوئے جلسہ میں آپ تمام حضرات کا پرزور استقبال کرتا ہوں اور خوش آمدید کہتا ہوں –

حضرات : آج کا یہ جلسہ بنام ” استقبال رمضان ” جو اس سے قبل بھی ویلفیئر نے منعقد کیا تھا اور آج بھی اس طرح کا پروگرام منعقد کرکے ہم نوجوانان دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں . ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ہمارے نوجوان اس طرح کے پروگراموں اور دیگر دینی خدمات کے میدان میں سرگرم عمل رہیں گے .

محترم حضرات ! آپ بخوبی جانتے ہیں کہ ہمارا یہ اجلاس ہمارے انجمن فردوس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد ہو رہا ہے اس لئے میں ضروری سمجھتا ہوں کہ اس انجمن کا تعارف و رپورٹ اختصار کے ساتھ آپ کی خدمت میں پیش کروں .

حضرات ! ہمارا ادارہ بنام فردوس ویلفیئر ایسوسی ایشن یعنی F.W.A بتاریخ 25/مارچ سن 2002 عیسوی کو درج ذیل مقاصد کے تحت وجود میں آیا تھا جنھیں آپ حضرات کی خدمت میں بالترتیب پیش کیا جا رہا ہے .

(1) نوجوانوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا (2) نوجوانوں کی اصلاح کے لئے دینی پروگراموں کا انعقاد کرنا (3) عام معلومات کے لئے پروگرام منعقد کرنا

(4) نوجوانوں میں مطالعہ کا ذوق پیدا کرنے اور انہیں دینی اور دنیاوی معلومات کے حصول کے لئے دارالمطالعہ کا قیام

(5) سماجی خدمات میں حصہ لینا اور سرکاری کاموں میں سرکاری افسران کا تعاون کرنا (6) فطرہ کمیٹی کا قیام

(7) فقراء و مساکین کی امداد و اعانت

(8) ہنگامی حالات میں محلہ کی حفاظت کرنا

(9) کھیل کود اور ورزش کے ذریعہ نوجوانوں کو صحت یاب رکھنا

(10) تمام محلوں کے نوجوانوں کو متحد کرنے کے لئے مختلف دینی پروگراموں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنا

(11) حسب ضرورت عمومی چندہ کرنا

یہ تھے ہمارے چند اہم مقاصد جن کو بروئے کار لاکر الحمد للہ انجمن ترقی کی راہ پر گامزن ہے . واضح رہے کہ ابتدا میں صرف کھیلوں کی حد تک ہماری کارگردگی رہی اور چھوٹے چھوٹے پیمانہ پر کھیلوں کے مقابلے ہوتے رہے اور نوجوان بھی اس سے خوب لطف اندوز ہوتے رہے . اس کے بعد محلہ کے متفکر اور دانشور احباب کے مشوروں سے دھیرے دھیرے ہم نوجوانوں نے دینی ، ملی ، سماجی ، سیاسی اور دیگر امور خیر یہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اپنا ایک دینی فریضہ سمجھا . جس کے نتیجہ میں یہ ادارہ خراماں خراماں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہوئے اپنی ایک پہچان بنانے میں کامیاب ہوگیا . الحمدللہ اس وقت ہمارے نوجوان وقتاً فوقتاً خدمت خلق اور زیر تعلیم طلبہ کی ہمت افزائی اور ان کی نگرانی بھی کر رہے ہیں اور ساتھ ہی دینی پروگراموں اور شادی بیاہ کی تقریبات میں تعاون فرما کر خدمت خلق کا بہترین نمونہ پیش کر رہے ہیں . اس کے علاوہ فطرہ کے چاول تقسیم کرنے میں بھی باہمی تعاون پیش کرتے رہے ہیں. علاوہ ازیں دیگر کار خیر میں ہمارے نوجوان متحد ہوکر اور بڑھ چڑھ کر اپنی اپنی حیثیت کے مطابق حصہ لیتے رہے ہیں نیز دینی و علمی میدان میں بھی ہمارے نوجوانوں کی خدمات قابل ذکر ہیں .

اسی طرح ہمارے اس انجمن کے زیراہتمام و انتظام اب تک کئی دینی و اصلاحی پروگرام منعقد ہوچکے ہیں جن میں قابل ذکر یہ ہیں .

سن 2003 ء میں تینگن گنڈی کی ٹیموں کے درمیان نعتیہ، قرأت اور کوئز مقابلہ منعقد ہوا . سن 2005 میں ناخدا سطح پر اسپورٹس سینٹروں کے مابین نعتیہ مقابلہ منعقد کیا گیا .

سن 2009 ء میں حجاج کے اعزاز میں پروگرام منعقد کیا گیا .

 اور اسی طرح سن 2015 ء میں سیرت النبی صلی اللہ و سلم کا پروگرام منعقد ہوا . یہ محض اللہ ہی کا فضل تھا جس پر ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں .

محترم حضرات ! دینی پروگراموں کے علاوہ کھیل کے میدان میں بھی ویلفیئر کی جانب سے اب تک مختلف کھیل کے کئی مقابلہ منعقد کئے گئے ہیں جو حسب ذیل ہیں .

(1) تعلقہ لیول والی بال ٹورنامنٹ تین مرتبہ .

(2) انٹر دسٹرک والی بال ٹورنامنٹ .

(3) مسلم کھلاڑیوں کے مابین اسٹیٹ لیول والی بال ٹورنامنٹ .

محترم حضرات ! آپ کو ایک بات یہ بھی معلوم ہونی چاہئے کہ فردوس ویلفیئر نے اب تک کئی مختلف کھیل کے مقابلوں میں حصہ لیا ہے اور الحمدللہ ویلفیئر کو کئی بڑے مقابلوں میں کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے . اب تک فٹبال میں 6 مرتبہ دوسرا مقام اور ایک مرتبہ اول مقام حاصل ہوا ہے .

ہم فردوس ویلفیئر کی ان تمام کامیابیوں اور مختلف میدانوں میں اس کی عمدہ کار کردگیوں پر ہم صرف خدائے تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کرتے ہیں اور اسی کا شکر ادا کرتے ہیں . ” لئن شکرتم لازیدنکم “

اس موقعہ پر ہم علماء کرام اور اکابرین محلہ کے بے حد ممنون و مشکور ہیں کہ انھوں نے قدم بقدم ہماری رہنمائی فرمائی اور اپنی مفید آراء سے ہمارا بھرپور تعاون کیا .

میں اپنی بات ختم کرنے سے پہلے یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ ویلفیئر کی زمین پر اس کا آفس اور ایک لائبریری تعمیر کرنے کے سلسلہ میں کوشش جاری ہے آپ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اس کام کو جلد از جلد مکمل فرمائے . آمین .

میں اپنی بات مختصر کرتے ہوئے اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہماری اس انجمن کو مزید ترقی عطا فرمائے ، اس کے جملہ اراکین کی حفاظت فرمائے ، خدمت خلق کا مزید جذبہ پیدا فرمائے ، خلوص و محبت کے ساتھ ہم وطنوں سے بھائی چارگی کا برتاؤ کرنے اور اخلاص کے ساتھ ہر کام کو انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے ، آج کے اس جلسہ کو شرف قبولیت قبولیت بخشے اور اس کے اثرات تا دیر قائم و دائم رکھے . آمین .

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here