مسجد بلال جمعہ مسجد جماعت المسلمین غوثیہ محلہ شیرور کے اجلاس عام میں مدرسہ دار السلام کے سالانہ رپورٹ کی پیشی

0
1281

رپورٹر : ابو احمد کھوکا شیروری 

مسجدِ بلال جمعہ مسجد جماعت المسلمین ، غوثیہ محلہ ، شیرور کے اجلاس عام میں مدرسہ دار السلام غوثیہ محلہ شیرور کی سنہ 2019 تا 2020 ء کی سالانہ رپورٹ کی پیشی

جیسا کہ آپ سبھی اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ کوئی بھی کام پوری دلجمعی ، انہماک ، پیار و محبت ، اتحاد و اتفاق اور خلوص و للہیت کے ساتھ کیا جائے تو پھر اس میں برکت ضرور ہوتی ہے اور لوگوں میں بھی پیار و محبت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے . کمیٹی اور ان کی جماعت میں جس قدر باحکمت و باصلاحیت اور بلند اخلاق کے حامل افراد ہوں گے اسی قدر وہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کریں گے اور بحسن و خوبی اپنی جملہ کارروائیوں کی تکمیل کرکے اپنی منزل مقصود تک پہونچنے میں کامیاب ہو جائیں گے ، بشرطیکہ انھیں اپنے معاشرہ کی ترقی اور اسے ایک مثالی معاشرہ بنانے کی فکر دامن گیر رہتی ہو .

یاد رکھیں کہ کسی معمولی گھرانہ کا ماحول بھی اس وقت تک صحیح طرز و نہج پر نہیں چل سکتا جب تک کہ اس کے اہل خانہ میں اتحاد و اتفاق اور پیار و محبت نہ ہو . لہذا مساجد و اداروں کے افراد ، تنظیمیں اور کمیٹیاں بھی اسی وقت اپنے دائرہ کار کو بہتر بنا سکتی ہیں جب وہ اپنے اصول و ضوابط پر قائم ہوں ، اس کے بر عکس جہاں کا ماحول ناسازگار ہو اور وہاں کے اہلیان حسن اخلاق سے عاری ہوں تو وہاں ترقی و کامیابی کے راستے بند ہو جاتے ہیں اور وہاں کے لوگ تنزلی کا شکار بن جاتے ہیں .

ماشاء اللہ اہلیان غوثیہ محلہ شیرور بھی اپنے اداروں کو پوری ذمہ داری کے ساتھ چلانے کی بھر پور کوشش میں سرگرم عمل ہیں اور ایک دینی ادارہ مدرسہ دار السلام کے نام سے پچھلے کئی سالوں سے ایک بہترین نظم کے ساتھ چلا رہے ہیں جس کا اندازہ اس کے ہر سال پیش کئے جانے والے سالانہ حساب و کتاب سے بآسانی لگایا جا سکتا ہے . اس کے ذمہ داروں کی ایک اہم خوبی یہ بھی ہے کہ جب بھی انھیں اس کے نظم و نسق کو چلانے کے دوران خامیاں نظر آتی ہیں تو اس کے ذمہ داران ان کے انسداد کی پوری کوشش کرتے ہیں اور پوری ایمانداری و امانت داری کے ساتھ اپنی مسئولیات کو انجام دینے کی کوشش کرتے ہیں .

یہ بات آپ کے گنجینئہ علم میں ہوگی کہ ناخدا برادری کے ذمہ داران دینی مکاتب و مدارس کو اپنی اپنی جماعتوں کے ماتحت رہ کر ہی چلاتے آرہے ہیں منجملہ ان میں سے یہ ادارہ بھی ہے .

اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مؤرخہ 23/اکتوبر 2020 ء بمقام مسجدِ بلال ، غوثیہ محلّہ شیرور ، انجمن باقیات الصالحات مدرسہ دارالسلام غوثیہ محلّہ شرور کے سالانہ حساب و کتاب کی پیشی کے لئے ایک اہم نشست کا انعقاد ، انجمن کے صدر جناب کھوکا عبدالمنیر صاحب کی زیرصدارت ہوا ۔

اس میں جولائی 2019 ء تا جون 2020 ء کی انجمن کی سالانہ آمدنی و اخرجات کی رپورٹ پیش کی گئی ۔

جماعت کے سکریٹری اور رکن انجمن محترم جناب کھوکا ابو احمد صاحب نے آمدنی و اخرجات کو رپورٹ کی شکل میں تفصیلاً عوام کے سامنے پیش کیا تو عوام نے اسے بغور سماعت کرتے ہوئے اپنی منظوری دی اور خوشی کا بھی اظہار کیا .

بعد اَزاں سکریٹری جماعت ہذا نے دینی تعلیم کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے مدرسہ کی ترقی اور فوز و فلاح کے لئے سبھوں سے جد و جہد اور کوشش کرنے کی ترغیب دی اور ساتھ ساتھ مالی تعاون کی اپیل بھی کی . اسی طرح موجودہ دور میں دینی تعلیمات سے نوجوانوں کی دوری ان کے مستقبل کے لئے مضر ، اخلاقی بگاڑ ، تعمیرِ حیات سے دوری اور ایمان کے لئے خطرہ قرار دیا اور اس جانب اپنی توجہات مبذول کرانے پر زور دیتے ہوئے حالات کے تناظر میں دینی تعلیم کو وقت کی ایک اہم ضرورت قرار دیا . اسی طرح بچیوں کی دینی تعلیم پر زور دیتے ہوئے انھیں مدرسہ بھیجنے کی ترغیب دی اور ساتھ ساتھ بچوں کی دینی تعلیم کی فکر دلاتے ہوئے ان کی موجودہ خامیوں کی نشاندہی بھی کی تاکہ آئندہ ان کے تدارک کی کوششیں کی جا سکیں . اور وقتا فوقتاً ذمہ داران ان کی جانچ و نگرانی بھی کرتے رہیں .

ان کے علاوہ اور بھی احباب نے اپنے روشن خیالات کا اظہار کیا تو ان پر عوام نے اپنی خوشی کا اظہار کیا جس سے ذمہ داروں کے حوصلوں کو مستقبل کے لئے مزید تقویت ملی .

واضح رہے کہ اس نشست کا آغاز جناب ہونگے الحاء ابن حسین صاحب ہونگے کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نظامت کی مکمل ذمہ داری محترم جناب ابو احمد صاحب کھوکا سیکریٹری مسجدِ بلال نے بحسن خوبی سنبھالی اور دعا پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہونچی . دعا ہے کہ اللہ اس نشست سے خیر کو وجود بخشے اور اسے معاشرہ کے لئے خیر و برکت کا ذریعہ بنائے . آمین .

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here