شیرور میں المبرہ تعلیمی ورفاہی تنظیم کے آفس کا افتتاح اور اہلیانِ شیرور میں خوشی کا سماں

1
1789

رپورٹر : محمد زبیر ندوی. شیروری

شیرور بھٹکل کے قرب و جوار میں آبادی کے اعتبار سے قوم ناخدا کا سب سے زیادہ آبادی والا گاؤں ہے جو بحر عرب کے ساحل کے بالکل ہی قریب شہر بھٹکل سے چند کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے .جسمیں ناخدا برادری کے بے شمار سکان بستے ہیں . اس میں علماء و حفاظ کی ایک معتدبہ تعداد موجود ہے .جس میں اکثریت ندوی علماء و فضلاء کی ہے ان میں سے کچھ علماء کرام اپنے ہی وطن عزیز میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں تو کچھ خطیب کی حیثیت سے . اور کچھ شہر سے باہر اپنے کسب معاش کے سلسلہ میں مصروف عمل ہیں . ان ہی علماء و حفاظ نے چند سال قبل ایک تنظیم قائم کی تھی جو محترم جناب مولانا عبد الرب صاحب ندویؔ مدظلہ العالی استاز فقہ و حدیث جامعہ اسلامیہ و نائب قاضی بھٹکل کی زیر سرپرستی اور اس تنطیم کے عہدیداران واراکین کی نگرانی میں سرگرم عمل تھی ۔

 اسی کے آفس کا افتتاح بمقام نزد فیض جامع مسجد نیو کالونی کیسر کوڈی شیرور میں مؤرخہ 2/دسمبر سن 2018 عیسوی کو بھٹکل کے قاضی اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاد محترم جناب مولانا عبدالرب صاحب ندوی مدظلہ العالی کے دست مبارک سے کیا گیا .

آفس کی افتتاح کی مناسبت سے ایک پروگرام ترتیب دیا گیا تھا جسکا آغاز محترم جناب حافظ مولوی تفسیر صاحب الجی کی تلاوت کلام پاک اور مولانا زبیر ندوی کی نعت پاک سے ، المبرہ کے سکریٹری محترم جناب مفتی محمد ثاقب ندوی کی نظامت میں ہوا ۔

پروگرام میں المبرہ کے صدر محترم جناب بہاؤالدین صاحب ندوی مہتمم مدرسہ رونق الاسلام کیسر کوڈی شیرور نے تنظيم کا تعارف کراتے ہوئے اسکے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور عوام الناس اور جمیع ذمہ داران سے اس تنظیم کی ترقی کے لئے دعاؤں کی درخواست کی اور مزید اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اللہ کی ذات سے امید واثق ہے کہ ان شاء اللہ وہ ہمیں اپنے مقاصد میں ضرور کامیابی عطا فرمائے گا ۔

مدعوئین میں شیرور کے جمیع ناخدا جماعتوں اور ذمہ داران مدارس شیرور سمیت مختلف ایجنسیوں اور کمیٹیوں کے ذمہ داروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا . الحمدللہ اکثریت نے اس دعوت کو قبول فرما کر ذمہ داران المبرہ کی ہمت افزائی فرماتے ہوئے مزید پشت پناہی کا بھی یقین دلایا .اور کچھ نے اپنے بہترین خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دعائیں دیں ۔

اخیر میں پروگرام کے مہمان خصوصی محترم جناب عبد الرب صاحب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل نے اپنے وعظ میں نماز کی اہمیت معنویت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو نماز کی پابندی پر ابھارا اور معاشرہ میں مختلف میدانوں میں مہارت رکھنے والے افراد کو تیار کرنا انسانی ضرورت قرار دیا اور اس کے بغیر معاشرہ کو ایک نامکمل معاشرہ قرار دیا . اور اس میں علماء کرام کے کردار کو ریڈہ کی ہڈی کے مانند بتاتے ہوئے مساجد کو درس قرآن اور حدیث کی مجلسوں سے معمور کرنے کی ترغیب دی . اور عوام کو المبرہ کے علماء سے تعلیمی ورفاہی کاموں میں استفادہ کرنے کی ترغیب دلائی اور بتایا کہ دین و دنیا کے مسائل کا حل علماء ہی سے ربط پر ہوگا . اخیر میں المبرہ کے عہدیداران واراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعائیہ کلمات سے نوازا.

بعد ازاں  مہمان خصوصی سے دعا کی درخواست کی گئی تو موصوف نے نہایت ہی عاجزی و خاکساری کے ساتھ دعا فرمائی . امید کہ اللہ تعالی اس دعا کے اچھے نتائج ہمارے سامنے رونما فرمائے گا ۔

مہمان خصوصی کی دعا کے معاً بعد المبرہ کے سکریٹری  نے جمیع جماعتوں  ، مدارس  کے ذمہ داران ، المبرہ کے ممبران اور مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داروں سمیت جمیع شرکاء جلسہ کا شکریہ ادا کیا . اور بحیثیت مجموعی جلسہ بہت کامیاب رہا . ولله الحمد علی ذالک .

1 تبصرہ

Leave a Reply to محمد شھباز دمکار جواب منسوخ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here