ہوناور کے علاقہ ٹونکا کاسرکوڈ میں منعقدہ سالانہ ثقافتی پروگرام کی خصوصی رپورٹ

0
2611

تفصیلی رپورٹ  :امژو نیوز

    15 فروری 2018 بروز جمعرات اردو اسکول کے وسیع میدان میں بعد نماز عصر و عشاء دو نشستوں پر مشتمل ٹونکا کاسرکوڈ شبینہ مکتب میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کا ایک دلچسپ اور منفرد پروگرام منعقد ہوا جس میں بطور مہمان خصوصی مولانا محمد سعود بنگالی ندوی مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی ، مولانا محمد اسحاق ڈانگی ندوی نائب مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی اورمولانا نعمت اللہ عسکری ندوی استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل تشریف فرما تھے ۔ اس موقعہ پراس بات کی وضاحت مناسب معلوم ہوتی ہےکہ شہر مرڈیشور سے لیکر کمٹہ ، کاگل ، ہینی اورکمانی وغیرہ ناخدا برادری کےعلاقوں میں ہر سال شبینہ مکتب میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کا پروگرام سالانہ جلسہ کے عنوان سے تو کہیں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے سالانہ رسم کے طور پر منعقد کیا جاتا ہے اور پروگرام کے دن گاؤں میں خوشیوں کی ایک لہر دوڑ پڑتی ہے اور عید کا سا سماں بن جاتا ہے ۔ چنانچہ ہر گھر میں اچھے پکوان پکتے ہیں اطراف و اکناف سے لوگ پروگرام میں شرکت کرنے کیلئے اپنے رشتہ داروں کے یہاں مہمان بن کر اپنے پورے گھرانہ کے ساتھ تشریف لاتے ہیں بہرحال ایک خوشی کا ماحول ہوتا ہے ۔ چنانچہ اسی نہج کو اختیار کرتے ہوئے ٹونکا کاسرکوڈ میں تقریبا سترہ سالوں سے سالانہ جلسہ کے عنوان سے جناب ابو صالح بابا ملا کی صدارت میں سال در سال دینی و ثقافتی پروگرامات جماعت المسلمین ناخدا محلہ ٹونکا کاسرکوڈ کے زیر اہتمام منعقد ہوتےرہےہیں جن میں شبینہ مکتب میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات حمد نعت  تقاریر اور نظموں ومکالموں پر مشتمل پروگرام پیش کرتے ہیں اور لوگ علماء کرام کے بیانات سےمستفید ہوتے ہیں ۔

     الحمد للہ امسال بھی سالانہ جلسہ کے عنوان سے بتاریخ 15 فروری 2018 بروز جمعرات اردو اسکول کے وسیع میدان میں دینی و ثقافتی پروگرام منعقد ہوا اور اس کا آغاز محمد رونق بن محمد شمعون بڈھے کی تلاوت کلامِ پاک سے ہوا ۔ امسال کا پروگرام سابقہ  منعقدہ پروگراموں سے بالکل منفرد اور الگ تھا جس میں پیامِ انسانیت کے تحت غیر مسلم بھائیوں کو دعوت دی گئی تھی ۔ اوربھٹکل کے رکنِ اسمبلی منکال ویدیا کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا ۔ لہذا انھوں نے پروگرام میں شرکت فرما کراس کوسراہا ۔ اس موقعہ پر قومِ نا اور بھٹکل کے مؤقر علماء کرام مولانا محمد سعود بنگالی ندوی مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی ،مولانا  محمد اسحاق ڈانگی ندوی نائب مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی اورمولانا نعمت اللہ عسکری ندوی استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل تشریف فرما تھے ۔ مذکورہ علماء کرام نے اپنے مفید نصائح سے بھی نوازا ۔ مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل نے والدین کے حقوق پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اس زندگی میں ہمارے لئے سب سے انمول تحفہ والدین ہیں لہذا انکی قدر کرتے ہوئے اپنے آپ کو جنت کا مستحق بنانے کی کوشش کرنی چاہئے اور انکی نافرمانی سے باز رہنا چاہئے مولانا موصوف نے چند واقعات پر بھی روشنی ڈالی ۔ مولانا محمد سعود بنگالی ندوی مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی نے اپنی زندگی کو قیمتی سے قیمتی بنانے ، حالات حاضرہ پر نظر رکھنے اور اپنے آپ کو اسلام پر باقی رکھتے ہوئے اسلامی اصول و ضوابط کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی طرف رہنمائی فرمائی ۔ اور آخر میں مولانا محمد اسحاق ڈانگی ندوی نائب مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی نے  اولاد کی تربیت دینی نقطۂ نظر سے کرنے اور اپنی اولاد کو دینی مدارس میں داخل کروانے کی ترغیب دلائی ۔

     پروگرام اپنے اس اعتبار سے بڑا ہی دلچسپ رہا  کہ اس میں نعتوں ،نظموں اور تقاریر کے ساتھ ساتھ بچوں نے والدین کے حقوق ، اولاد کی اخلاقی تربیت ، اور دینی پروگراموں کی اہمیت کے عنوانات پر مختلف دلچسپ مکالمات پیش کرکے لوگوں کے دل جیت لئے ۔ اس پروگرام میں تقریباً  800 سے زائد افراد نے بوڑھوں ، مردوں عورتوں اور بچوں سمیت شرکت کی  ۔ آخر میں مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی کی دعا پر تقریبا رات 2 بجے پروگرام اختتام کو پہنچا ۔ فلله الحمد والمنة والشكر۔

 

اظہارخیال کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here